Home / News / Pak China military cooperation is an important part of our friendly relationship, the Chinese Air Force

Pak China military cooperation is an important part of our friendly relationship, the Chinese Air Force

پشاور: چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے کہا ہے کہ  پاکستان اور چین کی فضائی افواج کے مابین بڑھتا ہوا عسکری تعاون ہمارے دوستانہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں 139 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،85 ویں انجینئرنگ ،95 ویں ایئر ڈیفنس، 20 ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور چوتھے لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب ہوئی۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجا ہد انور خان سمیت غیر  ملکی سفرا، اعلیٰ فوجی اور سول حکام، غیر ملکی عہدیداران اور گریجویٹ ہو نے والے ایوی ایشن کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔

 تقریب کے مہمان خصوصی چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ تھے۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ آپ ملکی خود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فریضہ سر انجام دیں گے، مجھے امید ہے کہ آپ پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس کے نوجوان افسران کے ساتھ مل کر دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ملک دشمن اپنے بزدلانہ اقدامات میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکیں گے، سربراہ پاک فضائیہ

جنرل ڈنگ لیانگ  نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے آغاز سے ہی ہم نے بہترین دوستی اور تعاون کی بنیاد رکھی، ہمارے دیرپا دوستانہ تعلقات کی بنیاد باہمی رواداری اور خلوص پر مبنی ہے جس میں دونوں ممالک نے ہر قسم کے اہم معاملات میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کر کے باہمی دوستانہ روابط کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی فضائی افواج کے مابین بڑھتا ہوا عسکری تعاون ہمارے دوستانہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے۔حالیہ عرصے میں پاک فضائیہ اور پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس نے آپریشنل کمانڈ، مشترکہ مشقوں، تربیت ، سامان کی ترسیل، ہتھیار اور جنگی آلات کے معاملات میں بھرپور تعاون کونئی منزلوں سے روشناس کروایا ہے۔

پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں 139 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ، 85 ویں انجینئرنگ ،95 ویں ائیر ڈیفنس، 20 ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ اسپیشل ڈیوٹیز اور چوتھے لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب میں کل109 ایوی ایشن کیڈٹس گریجویٹ ہوئے۔

پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹینینٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے بحیثیت مہمانِ خصوصی گریجویٹ کیڈٹس کو برانچ کا نشان اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔ مہمان خصوصی نے نمبر 4 سکواڈرن کو اکیڈمی کے چیمپین اسکواڈرن ہونے پر قائداعظم بینر سے نوازا۔

تقریب میں حسب روایت پی اے ایف اکیڈمی کی” شیر دل اور بریوہارٹ فارمیشنز”نے مسحور کن مظاہرہ پیش کیا اور پی اے ایف اکیڈمی کی پیرا موٹر گلائیڈر ٹیم “Eaglets” نے بھی اپنے شاندار فن کا مظاہرہ کیا۔ حمزہ فلائیٹ کی شاندار ڈرل نے تقریب کو چار چاند لگا دیئے جسے وہاں پر موجود معزز مہمانوں نے بہت سراہا۔