Home / News / Imran Khan is watching a wave of change in Karachi

Imran Khan is watching a wave of change in Karachi

کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی میں تبدیلی کی لہر دیکھ رہا ہوں جبکہ شہر کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ اس کی ذمہ داری کوئی نہیں لیتا۔

عمران خان کی کراچی آمد پر پی آئی اے انصاف ورکرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا

عمران خان دو روزہ دورے پر اتوار کی صبح کراچی پہنچے تو ایئرپورٹ کے باہر پی آئی اے انصاف ورکرز نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ ڈاکٹروں سے خطاب کے بعد عمران خان کلفٹن میں واقع باربی کیو ٹونائٹ ریسٹورنٹ پہنچے جہاں روٹھے کارکنوں نے کراچی کی قیادت کے خلاف شکایتوں کے انبار لگادیے اور تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی کے خلاف احتجاج کیا۔

عمران خان نے کارکنوں سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات سر پر ہیں اس لیے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں

تحریک انصاف کے کارکنوں نے فردوس شمیم نقوی پر پرانے کارکنوں کو سائڈ لائن کرنے اور من مانے فیصلوں کے ذریعے پارٹی کو کمزور کرنے کے الزامات عائد کیے اس موقع پر کارکنوں نے اشرف قریشی کو کراچی کا صدر بنانے کا بھی مطالبہ کیا جس پر عمران خان نے کارکنوں سے اپیل کی کہ آئندہ انتخابات سر پر ہیں اس لیے اپنی صفوں میں اتحاد برقرار رکھیں۔

عمران خان نیول کالونی سے لیاقت آباد میں رکنیت سازی کیمپ کے دورے کے لیے روانہ ہوئے تو تازہ دم ہونے کے لیے بورڈ آفس نارتھ ناظم آباد پر کافی شاپ پر رک گئے اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد انھیں دیکھنے کے لیے امڈ آئی اور ان کے ساتھ سیلفیاں لیں۔

کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے خیبرپختونخوا کی طرز پر پولیس میں اصلاحات ضروری ہیں، عمران خان

قبل ازیں کراچی ایئرپورٹ پر آمد کے بعد عمران خان نے کراچی کی سیاسی پچ پر اپنی زور دار اننگ کا آغاز کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو باور کرایا کہ اس کے پاس قومی اداروں کی نجکاری کا مینڈیٹ نہیں ہے، کراچی کے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کراچی کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے خیبرپختونخوا کی طرز پر پولیس میں اصلاحات اور لندن کی طرز پر کراچی میں میئر کا براہ راست انتخاب کرنا ہوگا۔

کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ دنیا میں کہیں قومی ایئرلائن کی نجکاری نہیں کی جاتی، اداروں کو ایماندار ی سے چلایا جائے تو ملک کا اثاثہ بنتے ہیں، جدہ میں شریفوں کی ملیں منافع میں چل رہی ہیں لیکن پاکستان اسٹیل بند پڑی ہے ہم پی آئی اے کی نجکاری نہیں بلکہ اس کی بحالی کے لیے تشکیل نو کریں گے۔

سندھ حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات بلدیاتی حکومت کو منتقل نہیں کیے، چیئرمین تحریک انصاف

عمران خان نے بیچ لگژری ہوٹل میں انصاف ڈاکٹرز فورم کے ناشتے میں شرکت کی اور ڈاکٹروں سے خطاب میں کہا کہ قائد اعظم پاکستان کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے تھے، تحریک انصاف کا بھی یہی مقصد ہے۔ پاکستان میں غریب کے پاس علاج تک کی سہولت نہیں ۔ کراچی کا سب سے بڑا مسئلہ اونر شپ ہے کراچی کو کوئی اپنا نہیں سمجھ رہاکراچی میں پانی کی قلت ہے اور شہری گندا پانی پینے پرمجبور ہیں رینجرز میٹروپولیٹن مسائل کا تجربہ نہیں رکھ سکتے، کراچی کے حالات پولیس کے ٹھیک ہونے تک درست نہیں ہوں گے اس حوالے سے کراچی کے میئر وسیم اختر ٹھیک شکوہ کرتے ہیں کہ ان کے پاس کوئی اختیار ہی نہیں ہے کیونکہ سندھ حکومت نے اٹھارہویں ترمیم کے بعد اختیارات بلدیاتی حکومت کو منتقل نہیں کیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب کراچی کو دوبارہ سیاست میں اہمیت ملے گی اور اس شہر کو دوبارہ منی پاکستان کا درجہ دلوانا ہوگا۔ پاکستان کے لیے آنے والے 6 مہینے بہت اہم ہیں۔ ڈاکٹروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کراچی اور سندھ میں کرپشن کو مسائل کی جڑ قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ میں لاڑکانہ کی ترقی کے لیے 90ارب روپے خرچ کیے گئے لیکن آج بھی موہن جو دڑو کی حالت لاڑکانہ سے بہتر ہے لگتا ہے سارا پیسہ لانچوں کے ذریعے دبئی بھیج دیا گیا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک میں ہرجگہ مافیا کا راج ہے ٹیکس اس لیے وصول نہیں ہوتے کہ ایف بی آر میں مافیا بیٹھی ہے، کرکٹ بورڈ میں بھی مافیا بیٹھی ہے ہر جگہ کیوں نکالا مافیا کا راج ہے۔

شہباز شریف نے پنجاب میں چارسال کے دوران 9ہزارارب روپے خرچ کیے لیکن ایک بھی اسپتال تعمیر نہیں کیا گیا، عمران خان

شہباز شریف پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ انھوں نے پنجاب میں چارسال کے دوران 9ہزارارب روپے خرچ کیے جبکہ صرف اپنی تشہیر کی مد میں 40ارب روپے خرچ کیے گئے تاہم ایک بھی اسپتال تعمیر نہیں کیا گیا ۔ علاوہ ازیں عمران خان نے باربی کیوٹونائٹ کے باہر کیاری میں بھی بلین ٹری سونامی کا پودا لگایا عمران خان بلدیہ ٹاؤن اور نیول کالونی میں رکنیت سازی کیمپ کے دورے کے لیے روانہ ہوئے تاہم راستے میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کے گھر پررکے۔

اس موقع پرعمران خان نے نوجوانوں پر زور دیا کہ 2018کے انتخابات جیت کر نیا پاکستان بنانا ہے ،کراچی میں جو تبدیلی لانی ہے وہ ہم ہی لاسکتے ہیں کراچی میں تمام طبقات کو اکھٹا کرنا ہے۔

جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا کراچی کا نظام اس وقت تک درست نہیں ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی

علاوہ ازیں عمران خان نے الاعظم اسکوائر، لیاقت آباد میں کارکنان سے خطاب میں کہا کہ جب تک کرپشن کا خاتمہ نہیں ہوگا،کراچی کا نظام اس وقت تک درست نہیں ہوگا۔ کراچی جو پہلے روشنیوں کا شہر تھا، اس وقت تک ترقی نہیں کرے گا جب تک کراچی سے وزیر اعظم منتخب نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ سندھ پولیس چوروں کی رکھوالی میں لگی ہوئی ہے جبکہ انھیں عوام کی خدمت میں مصروف ہونا چاہیے۔

عمران خان نے پرفیوم چوک گلستانِ جوہر میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں گلستانِ جوہرکے لوگوں کا دل سے شکر گزار ہوں۔ اس شہر کے لوگوں کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کریں۔

عمران خان نے پی آئی بی کالونی میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں پی آئی بی کالونی کے لوگوں کے جنونی استقبال کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ پاکستان تحریک انصاف آج کراچی کی طرف دیکھ رہی ہے اور کراچی پی ٹی آئی کی طرف دیکھ رہا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ لوگ پریشانیوں اور تفکرات سے نکلیں اور ترقی کا سوچیں۔ سیاست سے جس کسی کو دلچسپی ہے میں اسے دعوت دیتا ہوں کہ آئے اور پاکستان تحریک انصاف کے رکنیت سازی کیمپوں میں شرکت کرے۔ ہم مل کر پاکستان کا نظام ٹھیک کریں گے۔

نظام کو تباہ کرنے والے نظام ٹھیک نہیں کر سکتے، عمران خان

دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے برنس روڈ پر کارکنان سے خطاب میں کہا کہ میں برنس روڈ کے رہنے والوں کی طرف سے شاندار استقبال کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یہ شہر تیس سال میں تباہ ہوگیا اس کا مطلب یہ نہیں کہ شہر کبھی صحیح نہیں ہوگا۔ یہ شہر تب صحیح ہوگا جب شہر کے حکمران تبدیل ہونگے۔نظام کو تباہ کرنے والے نظام ٹھیک نہیں کر سکتے۔کراچی سے لاکھوں ڈالر لانچوں کے ذریعے جاتا ہے۔

ہم مئیر اپنا لائیں گے اسے اختیارات بھی دیں گے، چیئرمین تحریک انصاف

عمران خان نے کہا کہ کراچی میں تبدیلی بار بار باری لینے والوں کی تبدیلی سے تبدیلی آئے گی۔جن لوگوں کو ہم نے ووٹ دیا انھوں نے کوئی تبدیلی نہیں دِکھائی، اب ان کی تبدیلی کا وقت ہے۔سب سے پہلے جان ومال کی حفاظت کے لیے سندھ کے صوبے کی پولیس کا نظام بہتر کرینگے۔ہم مئیر اپنا لائیں گے اسے اختیارات بھی دینگے۔میں ٹینکر مافیا کا مقابلہ کرکے دکھاؤنگا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم ، سینئر مرکزی لیڈر علی زیدی ، سینئر رہنما عمران اسماعیل ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عارف علوی نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے رات کو مقامی ہوٹل میں بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی کی جانب سے دیے گئے عشایے میں شرکت کی، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ بیروزگاری پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ، پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت نہیں بڑھ رہی ،کرپٹ حکومتیں اداروں کوکمزور کرکے پیسہ کماتی ہیں۔

تقریب سے عبدالرحیم جانو اوراسد عمر سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا ، عبدالرحیم جانو نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کو عمران خان اور پی ٹی آئی سے بہت امیدیں وابستہ ہیں ، اسد عمر کا کہنا تھا کہ بزنس کمیونٹی کے لوگوں کو الیکشن میں حصہ لینا چاہیے۔