Home / News / After the Senate elections, MQM was over, Bilawal Bhutto Zardari

After the Senate elections, MQM was over, Bilawal Bhutto Zardari

کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ایم کیوایم بھی ختم ہوگئی جب کہ متحدہ  اپنی کمزوریوں کا ملبہ ہم پر نہ ڈالے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ عوام بے روزگاری اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور یہ کام صرف پیپلزپارٹی کرسکتی ہے، ہماری جماعت عوامی خدمت میں سب سے آگے ہے، سندھ حکومت کی بہترین کارکردگی کی بدولت آج پیپلزپارٹی سندھ کی واحد بڑی جماعت ہے، سینیٹ انتخابات میں ہماری جماعت کی جانب سے عزت دار لوگوں کو سامنے لایا گیا اور سینیٹ الیکشن میں توقعات سے بڑھ کر نتائج حاصل کیے، عام انتخابات میں بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کا سینیٹ میں سب سے بڑی پارٹی ہونے کا دعویٰ غلط ہے، ان کے امیدواروں نے آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیا، ہماری کوشش ہوگی کہ اپوزیشن سے مل کر چیئرمین سینیٹ بنائیں جس کے لئے تمام جماعتوں سے رابطے ہیں تاہم (ن) لیگ سے کوئی رابطہ نہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور عمران خان نے عوام کی خدمت کے بجائے تخت لاہور کی لڑائی میں ہی 5 سال ضائع کردیئے، لوگوں کو پتا ہے خیبر پختونخوا میں بھی کوئی کام نہیں ہوا، پی ٹی آئی کی گرفت کراچی میں بھی بہت کمزور ہے، عمران خان کو مشورہ دوں گا کہ وہ نظریاتی کارکنان کو اہمیت دیں اور آگے بڑھائیں اے ٹی ایمز کو امیدوار نہ بنائیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ایم کیوایم بھی ختم ہوگئی ہے، ان کے اپنے ارکان بھی اپنی قیادت پر اعتماد کا اظہار نہیں کرتے اسی لئے سینیٹ انتخابات سے صرف ایک دن پہلے انہوں نے اپنے امیدواروں کا اعلان کیا، ایم کیوایم ہم پراُنگلی اٹھانےکے بجائے اپنے مسائل حل کرے اور  اپنی کمزوریوں کا ملبہ ہم پر نہ ڈالے۔