Home / News / Who will fill the prisons, who will disagree? Maryam Nawaz

Who will fill the prisons, who will disagree? Maryam Nawaz

گوجرانوالہ:  مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ انتقامی عدالت کو نواز شریف کیخلاف گواہ نہیں مل رہے۔ کس کس کو توہین عدالت اور نااہلی کے نوٹس بھیجو گے؟

سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا گوجرانوالہ میں سوشل میڈیا ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کہتے ہیں کہ نواز شریف نااہل ہو گیا، یہ کیسی نااہلی ہے کہ نواز شریف جہاں جاتے ہیں پورا شہر امڈ آتا ہے۔ عوامی عدالت میں نواز شریف کیلئے میدان چھوٹے پڑ جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ کے عوام بھی اپنے قائد میاں محمد نواز شریف سے پیار کرتے ہیں۔ نواز شریف گوجرانوالہ پہنچے تھے تو عدلیہ بحالی تحریک کامیاب ہو گئی تھی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ منصوبہ ساز سوچ رہے تھے کہ شریف فیملی بکھر جائے گی، لیکن ان کے تمام منصوبے ناکام ہو چکے، کارکنوں نے نواز شریف کے مخالفین کو دھول چٹا دی۔ اب مخالفین عوام کے سامنے کیا منہ لے کر جائیں گے۔ نواز شریف جیت چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن قریب آتے ہی رونے کی آوازیں تیز ہو گئیں، اب توہین عدالت کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ کس کس کو توہین عدالت اور نااہلی کے نوٹس بھیجو گے؟ مریم نواز شریف نے کہا کہ جب نہال ہاشمی نے عدلیہ مخالف بیان دیا تو مجھے بھی بہت غصہ آیا تھا، کیونکہ میرے نزدیک انہوں نے سپریم کورٹ میں زیرِ سماعت پاناما کیس کو خراب کیا تھا لیکن اب جب نہال ہاشمی کو سپریم کورٹ کی جانب سے ایک ماہ کی قید اور پانچ سال کی نااہلی کی سزا سنا دی گئی ہے تو میرا سوال ہے کہ آپ توہینِ عدالت میں نہال ہاشمی کو تو پکڑ لیتے ہیں لیکن کیا کس عدالت میں اتنی ہمت ہے کہ سابق چیف جسٹس کو بالوں سے پکڑ کر کھینچنے والے پرویز مشرف کو جیل میں بند کرے۔ دوسری جانب 4 سال تک عدلیہ کو گالیاں دینے والے عمران خان کو پکڑنے کی کسی میں ہمت ہوئی؟

لیگی رہنماء کا جارحانہ انداز اپناتے ہوئے کہنا تھا کہ کیا آئین، ایوان اور ووٹ کی توہین کرنے پر کوئی سزا نہیں؟، جیلیں بھر جائیں گی، کس کس کو نااہل کرو گے؟، انصاف کا ترازو لاڈلے کی طرف جھکا ہو گا، سوال تو ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے 2013ء میں عوام سے کیے تمام وعدے پورے کیے اور ملک بھر سے دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا لیکن کروڑوں ووٹ لینے والے کو سسیلین مافیا اور گاڈ فاردر قرار دیدیا گیا۔