Home / News / PPP elections will be successful if elections are transparent, Bilawal Bhutto Zardari

PPP elections will be successful if elections are transparent, Bilawal Bhutto Zardari

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اس وقت ایمنسٹی اسکیم نہیں لانا چاہئے تھی کیوں کہ اس سے پاکستان کا تاثر خراب ہورہا ہے۔

ملتان میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ 2018 کا الیکشن میاں صاحب اورعمران خان کے لیے زندگی، موت کا مسئلہ ہے جب کہ دونوں جماعتوں کی سیاست ایک ہی ہے اور وہ صرف انتخابات کا سوچ رہے ہیں لیکن میں آنے والی نسلوں کا سوچ رہا ہوں، بی بی شہید کے مشن کو مکمل کرنے اور  ترقی کے لئے عوام کو پی پی کا ساتھ دینا ہوگا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ مخالف جماعتیں عوامی مسائل حل نہیں کرسکیں مگر پیپلزپارٹی عوامی مسائل حل کرے گی اور اگر انتخابات شفاف الیکشن ہوئے تو پی پی کامیاب ہوگی۔ انہوں نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی اصلیت قوم کے سامنے آچکی ہے، یوٹرن لینا عمران خان کی عادت ہے اور یہ لوٹوں اور لٹیروں کو ملا کر سیاست کرتے ہیں اگر وہ اتنے ہی مقبول ہیں تو انہیں دوسری جماعت کے کچرے کی کیا ضرورت ہے۔

چیرمین پیپلزپارٹی نے حکمراں جماعت پر بھی تنقید کے نشتر چلائے، ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خود مختاری ختم کی جارہی ہے اور وزیراعظم اداروں پر حملے کررہے ہیں جب کہ میاں صاحب نے کیوں نکالا میں جھوٹ بولا، پارلیمان کو دھوکا دیا،عوام کو گمراہ کیا اور وہ آج بھی جھوٹ بول رہے ہیں حالانکہ انہیں چاہیے سیاست چھوڑ کر کسی کونے میں اللہ اللہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان کے دھوکے میں مت آئیں بلکہ ان کی بنیاد دیکھیں کہ ایک جنرل ضیاء اور دوسرا پرویز مشرف کی نرسری کی پیداوار ہے جب کہ پیپلزپارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس نے تحریک سے جنم لیا۔