Home / News / The first medicine of Pakistan is included in the World Health Organization list

The first medicine of Pakistan is included in the World Health Organization list

کراچی: پاکستان کی پہلی دوا موکسی فلوکساسین عالمی ادارہ صحت کی فہرست میں شامل ہو گئی ہے۔

پاکستان کی فارمیسی صنعت میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے اور پاکستان کی پہلی ڈرگ کو عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے تسلیم کر لیا ہے، جس سے پاکستان کی ڈرگ برآمدات میں اضافہ ہوگا جو فی الوقت صرف 111 کروڑ ڈالرز ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق کراچی کی گیٹز فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کی بنائی جانے والی موکسی فلوکساسین ہائیڈرو کلورائیڈ 400 ملی گرام کواس کے عالمی ماہرین کی ٹیم نے تفصیلی معائنے کے بعد قابل قبو ل مصنوعات میں شامل کر لیا ہے۔

مذکورہ دوا تپ دق کے مرض میں استعمال کی جاتی ہے۔ پاکستان میں دوا تیار کرنے والی450 سے زاید کمپنیاں موجود ہیں تاہم یہ پہلی دوا ہے جسے عالمی ادارہ صحت نے تسلیم کیا ہے۔

پاکستان ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈراپ) کے ایک عہدیدار نے اس ضمن میں بتایا کہ عالمی ادارہ صحت بھارت کی 100 سے زاید دواؤں جب کہ بنگلا دیش کی 66 دواؤں کو تسلیم کر چکا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کی گزشتہ ہفتے جاری کردہ ایک رپورٹ کے مطابق ان کی معائنہ ٹیم گیٹز فارما میں فراہم کردہ سہولتوں، جس میں دواؤں کا معیار، پیداواری یونٹس، کوالٹی کنٹرول، صفائی ستھرائی اور صحت عامہ کا نظام فارمیسی مصنوعات کے لیے بہتر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کی فارمیسی صنعت 1959ء سے کام کر رہی ہے اور یہاں مقامی کاروباری کمیونٹی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں نے قریباً600 دوا تیاری کے یونٹس قائم کیے ہیں تاہم گزشتہ ہفتے تک کسی ایک بھی دوا کو عالمی ادارہ صحت نے قبل از اہل دوا کا درجہ نہیں دیا تھا جب کہ بنگلا دیش اور اردن جیسے پڑوسی ممالک کی بہت سی کمپنیوں کی دواؤں کو اس فہرست میں شامل کیا گیا ہے تاہم اب پاکستان بھی اس میں شامل ہوگیا ہے۔

گیٹز فارما نے موکسی فلو کساسین کی اہلیت سے متعلق ڈوزیئر 2 برس قبل عالمی ادارہ صحت کے پاس جمع کرایا تھا جس کے تفصیلی معائنے کے بعد عالمی ادارہ صحت کی ٹیم نے اگست 2017 ء میں آگاہ کیا تھا، جب کہ گزشتہ ہفتے اسے قبل از اہل کا درجہ دے دیا گیا۔