کراچی :شہر قائد میں آج پارہ 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہےجبکہ محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق ،ایک جانب کراچی میں ماہ رمضان کے پہلے روزے سے ہی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے تو دوسری طرف کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا محال کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ،کراچی میں آج اور کل سمندری ہوائیں منقطع ہونے سے گرمی کی شدت زیادہ محسوس ہوگی اور آج درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے ۔
اس حوالے سے محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری کردی جبکہ ہیٹ ویو 5 سے 6 دن جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے انتظامات کی ہدایت کردی گئی ہے اور کراچی انتظامیہ ، کے الیکٹرک، پی ڈی ایم اے اور دیگر اداروں کو ایڈوائزری بھیج دی گئی ہے، متعلقہ ادارے پانی اور بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں۔
ترجمان وزیراعلیٰ ہاؤس کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سیکریٹری ہیلتھ اور کمشنرکو فون کرکے موبائل اسپتال سروس کو متحرک کرنے کی ہدایت کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے ہدایت دی کہ ہیٹ اسٹروک سینٹر پر ادویات اور ڈاکٹرز کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔
You must be logged in to post a comment.