لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گرمیوں کا آغازہوتے ہی انرجی ڈرنکس تیارکرنے والی کمپنیوں کو نوٹس جاری کردیا۔
انرجی ڈرنکس تیار کرنے والی کمپنیوں کو بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی انرجی ڈرنک پر لفظ انرجی نہیں لکھا جائے گا اور کمپنیاں لیبل پر مخصوص ہدایات اردو اور انگریزی میں تحریر کرنے کی پابند ہوں گی، انرجی ڈرنک کی بوتل ، ڈبے اورٹین پیک پر واضح طور پر” ہائیلی کیفینیٹڈ ڈرنک” تحریرکیا جائے گا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ 12 سال سے کم عمر بچوں اور حاملہ خواتین کو یہ ڈرنکس فروخت نہیں کی جاسکیں گی اور ان کے لیے یہ تحریر درج کی جائے گی کہ یہ ( بچے، حاملہ خواتین، کیفین سے الرجی کی بیماری والے افراد اس مشروب کو استعمال نہ کریں)۔
فوڈ اتھارٹی نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ مشروب کی تیاری میں ادویاتی (فارماسیوٹیکل) اجزاء شامل نہ کیئے جائیں جب کہ پراڈکٹ کا حلال سرٹیفائیڈ ہونا ضروری ہے، تمام ہدایات اور دیئے گئے معیار پر عمل درآمد کیلئے تمام کمپنیز کو 8 ماہ کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے ، ڈیڈلائن کے بعد ہدایات پرعمل نہ کرنے والی کمپنیوں کی پراڈکٹ موقع پرہی ضائع کردی جائیں گی۔
You must be logged in to post a comment.