Home / News / Hockey Hockey; Pakistan’s Japan reaches the finals

Hockey Hockey; Pakistan’s Japan reaches the finals

لاہور: سہ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان نے جاپان کو سخت مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دیتے ہوئے فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔

مسقط کے سلطان قابوس اسپورٹس کمپلیکس پر جاری ایونٹ میں گزشتہ روز پاکستان اور جاپان کی ٹیمیںمدمقابل ہوئیں، میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے دفاعی کھیل پیش کیا جس کی وجہ سے پہلے ہاف میں کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، 32 ویں منٹ میں مبشر علی نے پنالٹی کارنر کو کارآمد بناتے ہوئے پاکستان کو 1-0 سے برتری دلادی تاہم صرف 2 منٹ بعد ہی جاپان کی جانب سے کینٹا تناکا نے پنالٹی کارنر پر گیند کو جال میں پھینکتے ہوئے مقابلہ برابر کردیا۔

اس کے بعد کھیل میں تیزی آئی اور دونوں ٹیموں نے سبقت حاصل کرنے کیلیے تابڑ توڑ حملے کیے، 48 ویں منٹ میں عمر بھٹہ نے اپنے تمام تر تجربے کو بروئے کار لاتے ہوئے گیند کو نیٹ کی راہ دکھائی اور ٹیم کو 2-1 سے برتری دلائی جو اختتام تک برقرار رہی۔

واضح رہے کہ ڈبل لیگ فیز میں پاکستان نے چاروں میچز کھیل لیے ہیں اور 8 پوائنٹس حاصل کرکے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے، جاپان 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور اومان ایک پوائنٹ کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

جاپان اور اومان کی ٹیموں کے مابین آخری لیگ میچ آج کھیلا جائے گا، میزبان اومان کو فائنل میں رسائی حاصل کرنے کیلیے جاپان کے خلاف بڑے مارجن  سے کامیابی حاصل کرنی ہوگی۔  فیصلہ کن معرکہ منگل کو ہوگا۔