لاہور: یاد رہے کہ پاکستان کے شہر قصور میں سات سالہ بچی زینب انصاری سمیت آٹھ کمسن بچیوں کے ساتھ زیادتی اور ان میں سے بعض کا زیادتی کے بعد قتل کرنے والا شخص گذشتہ تقریباً تین برس تک نا معلوم رہا۔
لاہور میں وزیرِ اعلٰی پنجاب شہباز شریف نے ایک پریس کانفرنس کے دوران ملزم عمران علی کی گرفتاری کا اعلان کیا۔ خیال کیا جا رہا تھا کہ پریس کانفرنس کے دوران گزشتہ تمام وارداتوں کے حوالے سے درجنوں ایسے پہلو سامنے آئیں گے جو جواب طلب تھے تاہم ایسا نہیں ہوا۔ تفتیشی ٹیم میں شامل کسی بھی پولیس افسر کو سوالات کا جواب دینے کا موقع نہیں دیا گیا۔ متعدد سوالات ایسے ہیں جو آج بھی جواب طلب ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق یہ بات قابل غور ہے کہ عمران علی پر پولیس کو ابتدا ہی سے شک کیوں نہیں ہوا؟ خصوصاً اُس وقت جب ماضی میں کمسن بچیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی عمران کے خلاف شکایات مقامی پولیس کے علم میں تھیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے نمائندے نے جب اس علاقے کے ایک فرد سے پوچھا کہ کہ ٹی وی پر ملزم کی تصویر دیکھنے کے باوجود یہاں لوگ اسے کیوں نہیں پہچان سکے تو ان کا کہنا تھا “ادھر ہمارے ساتھ آ کر بیٹھا رہا ہے اور کئ بار یہاں بازار سے گزرا مگر کیونکہ خاکے اور ویڈیو میں نظر آنے والے کی شکل واضح نہیں تھی اس لیے ہمیں عمران پر شک ہی نہیں ہوا۔”
دوسری جانب کچھ لوگوں کا خیال تھا کہ عمران ایسا کام نہیں کر سکتا تھا، وہ تو نعتیں پڑھنے والا شخص تھا۔ تاہم وہیں، اسی محلے میں عمران کی گلی اور قریب وجوار میں ایسے لوگ موجود تھے جو اس کے دوسرے رخ سے بخوبی واقف تھے اور ان میں سے کچھ نے مقامی پولیس میں شکایات بھی درج کروا رکھیں تھیں۔
اسی محلے کے رہائشی جنہوں نے اپنا نام محمد اکرم بتایا انہوں نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ سنہ 2015 میں انھوں نے بذاتِ خود عمران کو ایک چھوٹی بچی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ اور زبردستی بوسہ کنی کرنے کی کوشش کرتے ہوئے پکڑا تھا۔جس پر انھوں نے اس کی پٹائی کرنی شروع کردی تھی۔’شور سن کر آس پاس کے لوگ اکٹھے ہو گئے اور ہم سب نے مل کر اس کی پٹائی کی، بعد میں اس کے باپ نے آ کر معافی مانگی اور معاملہ رفع دفع ہوا۔‘
عمران کے گھر والی گلی میں مقیم محمد علی نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ عمران کے گھر آنے جانے کی روٹین بہت مختلف تھی۔ انھوں نہ کبھی اس کو کسی کمسن بچی کے ساتھ نہیں دیکھا تاہم کچھ روز قبل محلے والوں کو پتہ چلا کہ اس کے ساتھ ان کے گھر میں کوئی لڑکی رہ رہی تھی۔’وہ جوان لڑکی تھی جو ان کے گھر میں دس پندرہ دن رہی جس کے بعد اس کے لواحقین شاید اس کو لے گئے۔ ابھی کچھ روز قبل سننے میں آیا تھا کہ عمران کی اور اس کی شادی طے ہونے والی تھی۔‘ ایک گھر ایسا تھا جس نے عمران کے خلاف اپنی کمسن بچی کو چھیڑنے کی شکایت مقامی پولیس کو باقاعدہ درج کروائی تھی۔
ایک اور شخص اکرم نے بی بی سی کے نمائندے کو بتایا کہ سنہ 2015 والا واقعہ انہیں یاد ہی نہیں تھا۔ ’وہ تو جب گرفتاری کے بعد میں نے اس کی شکل دیکھی تو میں نے اپنے دوستوں کو بتایا کہ یاد ہے یہ وہ ہی لڑکا ہے جس کو ہم نے پیٹا تھا۔‘’ہم تو سمجھے بندے سے ایسی حرکتیں ہو جاتیں ہیں، یہ تو ہم نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ وہ اس حد تک جا سکتا تھا۔‘
یاد رہے کہ پولیس کے مطابق بچیوں کے ساتھ زیادتی کے وہ آٹھ واقعات جن کا سراغ نہیں مل پایا ان میں پہلا واقعہ سنہ 2015 میں ہی پیش آیا تھا۔ اس کے بعد اگلے دو برس میں سات مزید وارداتیں ہوئیں جن میں پانچ معصوم بچیاں جان سے گئیں۔