Home / News / Memo Gate Scandal was a fake case, Bilawal Bhutto

Memo Gate Scandal was a fake case, Bilawal Bhutto

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میمو گیٹ اسکینڈل ایک جعلی کیس تھا اور اس میں کوئی جان نہیں ہے جس سے وقت کے ضیاع کے علاوہ کچھ برآمد نہیں ہوگا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ نواز شریف اپنی نااہلی سے توجہ ہٹانے کے لیے میمو گیٹ کیس کو اچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں، میاں صاحب اس کوشش میں ناکام ہوں گے کیوں کہ سب جانتے ہیں کہ میمو گیٹ اسکینڈل ایک جعلی کیس ہے جس کے پیچھے چھپ کر مسلم لیگ (ن) خود بچ نہیں سکتی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان میں عوام کے دیرینہ مسائل بیروزگاری، مہنگائی اور دہشت گردی ہیں جن کے خاتمے کے لیے نواز حکومت سنجیدہ نظر نہیں آتی ہے، شریف برادران نے پورے ملک میں انتشار پیدا کر دیا ہے اور عوامی مسائل کے لیے کام کرنے کے بجائے کیوں نکالا کی گردان کر کے لوگوں کی توجہ حقیقی مسائل  سے ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوام کو نواز شریف کی نااہلی اور پاناما کیس سے کوئی غرض نہیں ہے بلکہ عوام اپنے مسائل کا خاتمہ چاہتے ہیں جس کے لیے پیپلز پارٹی ہی واحد جماعت ہے جو عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، اور عوام کی مدد سے ہم ملک کو خوش حال اور پر امن پاکستان بنائیں گے جس کے لیے ملک بھر میں ممبر سازی مہم جاری ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ شہباز شریف اور عمران خان کو کراچی سے الیکشن لڑنے کی دعوت دیتا ہوں، پیپلز پارٹی انہیں شکست فاش سے دوچار کرے گی، پیپلز پارٹی نے کراچی کے مسائل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کیا ہے یہی وجہ ہے کہ ممبر سازی مہم کو بڑی پیمانے پر سراہا گیا ہے جسے دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ  آئندہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی بن کے ابھرے گی۔