کراچی: کراچی اورسندھ کے دیگر علاقوں میں شدید گرمی کی لہر آج بھی برقرار رہے گی،کراچی میں جان لیوا گرمی کا پارہ 43ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
شہر قائد میں دوپہر 2بجےتک گرم اورخشک ہوائیں چلنے کا امکان ہے، ہیٹ ویو جمعرات تک برقرار رہ سکتی ہے، جمعے سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
کراچی میں گزشتہ روز درجہ حرارت 44 ڈگری سینٹی گریڈ رہا،سب سے زیادہ درجہ حرارت چھور میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، راولپنڈی، بالائی خیبرپختونخوا، بالائی فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔
پڈعیدن اور گردو نواح کے علاقے گرد آلود ہواؤں کی لپیٹ میں ہیں گزشتہ 3 روز سے جاری تیز ہواؤں سے گرمی کی شدت میں کمی آنے سے روزہ داروں نے سکون کا سانس لیا ہے۔
ماہرین کراچی میں گرمی کی شدید لہر کی وجہ شہر میں درختوں کی انتہائی کمی کو بھی قرار دے رہے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہر قائد کے باسیوں کو مشورہ دیا ہے کہ سخت گرمی کے موسم میں بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں، اگر گھر سے نکلنا نہایت ضروری ہو تو گیلا کپڑا یا رومال سر پر لپیٹ کر نکلیں۔
گھر سے نکلتے وقت ساتھ پانی کی بوتل رکھیں جس سے گرمی کی شدت کم کرنے کیلئے نہ صرف خود پر کچھ کچھ وقفے سے چھینٹے ڈالتے رہیں بلکہ راستے میں موجود ہیٹ اسٹروک کے شکار افراد کو بھی پانی کی مدد سے ابتدائی طبی امداد کا فریضہ انجام دیں۔
شہر میں گرمی کی شدید لہر کے ساتھ ہی رینجرز، مختلف رضاکارانہ تنظیموں اور حکومت کی جانب سے کئی علاقوں میں ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کے کیمپ بھی قائم کئے گئے ہیں۔
کراچی شہرکےمختلف علاقوں میں آج بھی سحری کےاوقات میں بجلی کی فراہمی معطل رہی ،ایف سی ایریا، زینت اسکوائر، ملیر کے مختلف علاقوں، لیاقت آباد نمبر7، 8، 9 اور 10 میں بجلی غائب رہی۔
You must be logged in to post a comment.